کوئٹہ ( خ ن)سول اسپتال کوئٹہ میں لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر پر تیزاب گردی کے افسوسناک واقعہ کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے پرسنل اسٹاف افسر سید امین نے امدادی، طبی اور انتظامی اقدامات میں غیر معمولی طور پر متحرک کردار ادا کرتے ہوئے متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی کو یقینی بنایا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سید امین نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی ہدایات پر متعلقہ اداروں، محکمہ صحت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری رابطے شروع کیے اور متاثرہ لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے آریا اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات مکمل کرائے۔ بعد ازاں ان کی تشویشناک حالت کے پیش نظر خصوصی ایئر ایمبولینس کے ذریعے انہیں مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا، جہاں ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں ان کا علاج جاری ہے سید امین نے واقعہ میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھا، جس کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ملزم کا تعاقب کیا اور صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی جان بچانے کی کوشش کے دوران زخمی ہونے والے سول اسپتال کوئٹہ کے ملازم عبدالرزاق ترکئی کو بھی فوری طور پر آریا اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کے مکمل علاج اور طبی نگہداشت کے انتظامات کیے گئے۔ عبدالرزاق ترکئی کی غیر معمولی بہادری اور فرض شناسی کے اعتراف میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ان کے لیے سول ایوارڈ کا اعلان بھی کیا ہے سماجی، عوامی، طبی اور صحافتی حلقوں نے واقعہ کے بعد سید امین کی مؤثر رابطہ کاری، فوری فیصلوں اور مسلسل نگرانی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال میں ان کی پیشہ ورانہ کاوشوں کے باعث متاثرین کو بروقت طبی امداد، بہتر علاج معالجے اور انتظامی معاونت کی فراہمی ممکن ہوئی۔ حلقوں نے کہا کہ ایسے مواقع پر ذمہ دارانہ اور فوری ردعمل عوامی خدمت کے جذبے کا عملی مظہر ہے سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات اور ان پر عملدرآمد کے لیے سید امین کی متحرک کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود اور ہنگامی حالات میں اسی جذبے کے ساتھ خدمات کا سلسلہ جاری رہے گا۔