کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس نے نجی ٹی وی کیلئے موسی خیل سے کام کرنے والے صحافی لالا اسرافیل کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی شفاف اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ بی یو جے کے صدر منظور احمد رند اور جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین اور کابینہ کے دیگر ارکان نے اپنے مشترکہ بیان میں لالا اسرافیل کے قتل پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بی یو جے قیادت نے مقتول صحافی لالا اسرافیل کے اہل خانہ اور لواحقین کے ساتھ اپنی پوری ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء لانگو سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ کی تمام پہلووں سے شفاف اور جامع تحقیقات کرکے اصل محرکات کو سامنے لایا جائے اور ملزمان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ بلوچستان میں ایک اور صحافی کے قتل سے صحافتی برادری رنجیدہ اور تشویش میں مبتلا ہے۔ بی یو جے جلد اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔