• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’دی ہنڈریڈ کرکٹ لیگ، پاکستانی کھلاڑیوں کو باہر کرنے کی بھارتی سازش، انگلش بورڈ سے مداخلت کی اپیل

کراچی (نیوز ڈیسک) انگلینڈ میں ہونے والی کرکٹ لیگ ’’دی ہنڈریڈ ‘‘ کو پاکستانی کھلاڑیوں کو باہر کرنےکی بھارت سازش پر لندن میں خدشات بڑھنے لگے، انگلش کپتان ہیروی بروک نے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی اپنے ساتھ شائقین کی بڑی تعداد گرائونڈ میں لاتے ہیں جبکہ سابق کپتان مائیکل وان نے انگلش بورڈ سے مداخلت کی اپیل کردی ہے، برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق لیگ میں شامل بھارتی مالکان کی چار فرنچائزز اپنی ٹیموں کیلئے پاکستانی کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کریں گے ، لیگ کیلئے 67 پاکستانی کھلاڑی رجسٹریشن کرواچکے ہیں ، یہ انٹرنیشنل لیگز سے گرین شرٹس کو باہر کرنے کے سلسلے کی کڑی ہے۔ بی بی سی اسپورٹ اور دی ٹیلی گراف کے مطابق، بھارتی مالکانہ حقوق والی فرنچائززنے "غیر تحریری اصول" طے کیا ہوا ہے کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کرتے۔ مائیکل وان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ (ECB) کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیےکیوں کہ اس مقابلے کو انگلش بورڈ چلاتا ہے اور اس چیز کو جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔" انہوں نے مزید کہا کہ "کرکٹ کو ملک کا سب سے زیادہ ملانے والا کھیل ہونا چاہیے، اور یہ ناقابلِ قبول ہے۔ انگلش کرکٹ بورڈ پر دبائو ہے کہ وہ لیگ میں اس بات کو یقینی بنائے کہ فرنچائزز انصاف، شمولیت اور شفافیت کے اصولوں پر سختی سے کاربند رہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق یہ پاکستانی کرکٹرز کو منظم طریقے سے فرنچائز لیگز سے باہر رکھنے کے ایک وسیع تر رجحان کا حصہ ہو سکتا ہے۔مثال کے طور پر، جنوبی افریقہ کی SA20 یا متحدہ عرب امارات کی ILT20 میں آئی پی ایل (IPL) سے منسلک فرنچائزز نے پاکستانی کھلاڑیوں کا انتخاب نہیں کیا، حالانکہ دیگر 15 ممالک کے کھلاڑیوں کو ڈرافٹ کیا گیا ہے۔’’دی ہنڈرڈ‘‘کیلئے کھلاڑیوں کی نیلامی 11-12 مارچ کو لندن میں ہونا طے پائی ہے، اور وہ پاکستانی کھلاڑی جو آئی پی ایل (IPL) کے زیرِ اثر ٹیموں کے ساتھ معاہدہ نہیں رکھتے، انہیں غیر آئی پی ایل فرنچائزز کی جانب سے بھی محض زبانی جمع خرچ سے زیادہ کچھ حاصل ہونے کی امید نہیں ہے۔ایسی اطلاعات ہیں کہ پاکستانی کرکٹرز کو جان بوجھ کردی ہنڈرڈ سے باہر رکھا جا سکتا ہے، 100 گیندوں کے اس نئے فارمیٹ کا آغاز انگلینڈ میں ہورہا ہے، اور اس نے یہ سوال پیدا کر دیا ہے کہیا فرنچائز کرکٹ میں انصاف اور شمولیت (inclusivity) کو برقرار رکھا جا رہا ہے؟۔ قبل ازیں انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا کہ اگر بھارتی مالکانہ حقوق والی فرنچائزز کی وجہ سے پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے مقامی وائٹ بال ٹورنامنٹ ’دی ہنڈریڈ‘ سے باہر رکھا گیا، تو یہ ایک ’’انتہائی افسوسناک‘‘ بات ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید