اسلام آباد (محمد صالح ظافر/ خصوصی تجزیہ نگار) مشرقی وسطیٰ میں امن کے لئے پاکستان کے سفارتی مشن کا اگلا اہم قدم آج اس وقت اٹھایا جائے گا جب وزیراعظم شہبازشریف عازم سعودی عرب ہوں گے، جہاں (بدھ) کی شام ان کی سعودی وزیراعظم ولی عہد شہادہ محمد بن سلمان سے ان کے ساحلی محل میں حد درجہ اہم ملاقات ہوگی۔
امکان ہے جمعرات کی شب واپس آجائیں گے ٹرمپ کے اعلان کے مطابق مذاکرات میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں گے، اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی موجودگی کا بھی قوی امکان ہے۔
لائق اعتماد ذرائع نے جنگ/ دی نیوز کو منگل کی شب بتایا ہے کہ ایران، امریکہ مذاکرات کے آئندہ چار دنوں میں شروع ہونے والے دوسرے مذاکراتی دور، جنگ بندی میں توسیع، آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی اور ایران، امریکہ مذاکرات کے پہلے دور کے تناظر میں اس ملاقات کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہوگی۔
پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت اس موقع پر سعودی حکمرانوں کا فراخدلانہ، مالی اعانت پر شکریہ ادا کرے گی۔