• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ اور اسرائیل میں رجیم چینج کے خطرات میں اضافہ، ماہرین

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہرین مشاہد حسین سید اور اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ فائنل ڈیل میں صدر ٹرمپ اور صدر مسعود پزشکیان بذات خود شرکت کر کے دستخط کریں گے اور یہ اکیسویں صدی کا ایک تاریخی واقعہ ہوگا۔ امریکہ اور اسرائیل میں رجیم چینج کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ دونوں ماہرین جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں حامد میر گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغا ز میں میزبان حامد میر نے کہا کہ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے اعلان کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور اب عالمی میڈیا میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے ایک اور دور کی خبریں گردش کر رہی ہیں حالانکہ پاکستان پہلے ہی اس مؤقف کی نشاندہی کر چکا تھا مگر اسے سنجیدہ نہیں لیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جان کیری اور ہیلری کلنٹن کے مطابق ایران پر حملے کا منصوبہ اسرائیل متعدد امریکی صدور کے سامنے پیش کر چکا تھا لیکن کسی نے اسے قبول نہیں کیا البتہ ٹرمپ نے اس مؤقف کو تسلیم کیا۔ چیئرمین پاک چائنہ انسٹیٹیوٹ مشاہد حسین سید نے کہا کہ اکیس اپریل سے پہلے جنگ بندی میں توسیع ہوسکتی ہے اور اسلام آباد میں بات چیت کی ایک اور نشست ہوسکتی ہے ۔ مشاہد حسین نے طنزیہ مسکراتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کسی صورت جنگ نہیں چاہتا فیلڈ مارشل، وزیراعظم اور اسحاق ڈار کو چاہئے انہیں ایگزٹ دے دیں تاکہ ان کی تھوڑی بہت عزت بچ جائے۔ ابھی جس طرح بات آگے چل رہی ہے اسی طرح چلانی چاہئے کسی اضافی مہمان کو اس میں شامل کرنا مناسب نہیں ہوگا۔امریکہ و اسرائیل کے تعلقات میں دراڑ آگئی ہے ۔ تاہم مڈل ایسٹ کے حوالے سے نیتن یاہو امریکہ کا شریک صدر کی حیثیت رکھتے ہیں۔لبنان سے متعلق مشاہد حسین نے کہا کہ امن کو تقسیم نہیں کرسکتے ایسا نہیں ہوسکتا لبنان میں مسلمانوں کو مارتے رہیں اور ہم امن سے بیٹھ جائیں۔معاہدہ ہونے والا تھا ٹرمپ نے سوچا کہ جے ڈی وینس کریڈیٹ لے جائے گا ٹرمپ چاہیں گے کہ وہ معاہدہ خود سائن کریں اور اگر معاہدہ طے پاجاتا ہے تو ٹرمپ خود اسلام آباد آئیں گے۔

اہم خبریں سے مزید