• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک کی کمپنی ’ایکس اے آئی‘ قرض قبل از وقت ادا کرنے کیلئے کیا حکمتِ عملی اپنا رہی ہے؟

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

امریکی ارب پتی شخصیت ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی ’ایکس اے آئی‘ نے تقریباً 3 ارب ڈالر کے قرض کو مقررہ مدت سے قبل واپس کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اور اس سے منسلک ’ایکس اے آئی‘ مجموعی طور پر تقریباً 17.5 ارب ڈالر کا قرض مکمل طور پر ادا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی گزشتہ سال جاری کیے گئے ہائی ییلڈ بانڈز کی قبل از وقت ادائیگی کرنا چاہتی ہے، عام طور پر قرض جلد واپس کرنے پر کمپنی کو سرمایہ کاروں کو اضافی جرمانہ اور متوقع سود بھی ادا کرنا پڑتا ہے۔

’دی نیوز انٹرنیشنل‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ خبر سامنے آنے کے بعد  قرض کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور بانڈز کی ویلیو تقریباً 1.17 ڈالر فی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

گزشتہ سال سرمایہ کاری بینک مورگن اسٹینلے نے xAI کے لیے 5 ارب ڈالر کا قرض پیکیج ترتیب دیا تھا جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تیز رفتار توسیع کو ممکن بنانا تھا جبکہ فروری میں SpaceX نے xAI کو تقریباً 250 ارب ڈالر مالیت کے معاہدے کے تحت خرید لیا تھا جس کے بعد کمپنی کے مالیاتی ڈھانچے کو آسان بنانے کی کوششیں تیز کر دی گئی تھیں۔ 

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپیس ایکس رواں سال جون میں ممکنہ طور پر اپنی عوامی لسٹنگ (IPO) کی تیاری بھی کر رہی ہے جس کی مجموعی مالیت 1.5 کھرب ڈالر سے زائد ہو سکتی ہے۔

بینکار اس وقت مشترکہ کمپنیوں کے بڑھتے ہوئے سودی اخراجات کم کرنے کے لیے نئی فنانسنگ حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں تاہم ایکس اے آئی اور مورگن اسٹینلے کی جانب سے اس رپورٹ پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید