اسرائیلی فوج نے تہران میں ایران کے فضائی دفاع نظام کے متعدد مراکز اور فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے ایک ایئر ڈیفنس مرکز پر بھی حملہ کیا گیا ہے، جہاں زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ذخیرہ کیے گئے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ بیلسٹک میزائل ذخیرہ کرنے والی تنصیب پر بھی حملہ کیا ہے، اسلحہ سازی اور ریسرچ مراکز بھی نشانہ بنائے گئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران میں نشانہ بنائے گئے اہداف کے کوئی ثبوت پیش نہیں کیے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی دارالحکومت تہران کے شمال میں متعدد دھماکوں اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج علی الصبح تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں، جبکہ مقامی رہائشیوں کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز کے بعد گزشتہ رات سب سے خوفناک تھی۔