کراچی (اسٹاف رپورٹر)بلدیہ مواچھ گوٹھ ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب گزشتہ شب آندھی اور طوفانی ہوائوں کے دوران دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے 11افراد میں سے 8افراد کو شناخت کرلیا گیا۔ 9 لاشوں میں سے 6 لاشوں کو 24سالہ زاہد ولد حبیب ، 31سالہ شکیل احمد ، 33 سالہ فاروق ، 40 سالہ ساجد ولد ریاض ، 35 سالہ جاوید ولد فردوس اور 50سالہ ارشد ولد مراد کے نام سے کی گئی جبکہ 3نامعلوم افراد کی لاشیں ایدھی سرد خانے میں رکھی ہیں۔ ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق دیوار گرنے سے جاں بحق ہونے والے 11 افراد میں سے 2 افراد کی لاشیں شناخت کے بعد ورثا جائے وقوعہ سے اپنے ہمراہ لے گئے جس کے باعث فوری طور پر ان کے نام معلوم نہیں ہوسکے ۔