کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سابق چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی اور دیگر کے خلاف گرفتاری کا حکم کالعدم قرار دیدیا۔ ہائی کورٹ میں ٹھٹھہ کی عدالت کے فیصلے کے خلاف سابق چیئرمین ایف بی آر سید شبر زیدی اور دیگر کی نظرثانی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ٹھٹھہ کی عدالت نے اسد رضوی کی شکایت پر شبر زیدی، عمر محمد، علی احسن اور فہد خان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ جسٹس محمد حسن اکبر نے ریمارکس دیئے کہ ماتحت عدالت نے دائرہ کار سے ہٹ کر فیصلہ کیا۔ ہائی کورٹ میں زیر سماعت مقدمے کے الفاظ پر ٹھٹھہ میں شکایت دائر نہیں ہوسکتی۔ دستاویزات کی بنیاد پر دوسرے شہر کی عدالت میں مقدمہ نہیں ہوسکتا۔ سندھ ہائی کورٹ نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹھٹھہ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا اور ساتھ ہی ساتھ ماتحت عدالت کی کارروائی بھی کالعدم قرار دیدی۔ ٹھٹھہ کی عدالت نے شبر زیدی اور دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیئے تھے جس پر درخواست گزار کے وکلا نے کہا تھا کہ ٹھٹھہ کورٹ کا فیصلہ غیر قانونی قرار دیا جائے۔