کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بارش اور طوفان کے دوران لیاری ایکسپریس وے پر سڑک کے اطراف میں لگائی گئی ٹین کی درجنوںچادریں ٹوٹ کر سڑک پر جا گریں، جنہیں بعض افراد نے چرانے کی کوشش بھی کی، لیکن موٹروے پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں انہیں چوری ہونے سے بچالیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب کراچی میں بارش اور شدید طوفان کے باعث لیاری ایکسپریس وے کے نارتھ اور سائوتھ بانڈز کے اطراف حفاظتی نکتہ نگاہ سے لگائی گئی ٹین کی درجنوں چادریں ٹوٹ کر سڑک پر جاگریں، مگر ان سے کسی قسم کا کوئی حادثہ رونما نہیں ہوا، البتہ طوفان تھمنے کے بعد بعض نامعلوم افراد نے ٹوٹی ہوئی چادریں چرانے کی کوشش کی ، جسے موٹروے پولیس نے فوری کارروائی کرکےناکام بنادیا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے پر چوروں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے،فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)نے مرمتی کام شروع کردیا ہے، جو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔