کراچی( اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور قابض میئر نے ڈھائی سال کے عرصے میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز میں ترقیاتی فنڈ کی مد میں ایک روپیہ تک نہیں دیا ہے، ہمارے ٹاؤن چیئر مین محدود مسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود عوامی خدمت اور ترقیاتی کام کر وارہے ہیں، مرتضی وہاب پیپلز پارٹی کے 13ٹاؤن میں سے کسی ایک ٹاؤن کی کارکردگی دکھا دیں جو جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کا مقابلہ کر سکے، پیپلز پارٹی 15سالوں میں کراچی کے 3360ارب روپے ہڑپ کر چکی ہے، اگر یہ رقم کراچی پر خرچ کی جاتی تو کراچی کی موجودہ ابتر حالت نہ ہوتی، ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے وسائل کراچی پر خرچ کیے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ ٹاؤن یوسی 3بلاک 16میں غفران فیملی پارک اور گلشن اقبال ٹاؤن یوسی 1ویلفیئر کالونی میں پیور بلاکس، نکاسی آب کے نظام اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کی تکمیل پر ماڈل محلے کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریبات سے امیر ضلع شرقی نعیم اختر، ٹاؤن چیئر مین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد احمد، ٹاؤن چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ، وائس ٹاؤن چیئر مین گلشن اقبال ابراہیم صدیقی و دیگر نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، ڈائریکٹر پارک ندیم حنیف، ٹاؤن میونسپل کمشنر نواز میر، وائس یوسی چیئر مین مفتی نعمان اللہ صدیقی،،فصیح اللہ حسینی، سیکریٹری اعلاعات زاہد عسکری بھی موجود تھے۔