یومِ پاکستان کے موقع پر مانچسٹر میں پاکستان کے قونصل خانہ میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔
قونصل جنرل امتیاز فیروز گوندل نے تقریب کی میزبانی کی جبکہ اہم شرکا میں ایم پی افضل خان، عابد لطیف چوہان، ہارون کھٹانہ، کونسلر ربنواز اکبر، کونسلر شہباز سرور، کونسلر نعیم الحسن، کونسلر شوکت علی، بیرسٹر امجد ملک، آصف بٹ، فادر فلک شیر،طاہر صدیق چوہدری، ڈاکٹر یونس پرواز، اویس حسین، نواز گوندل، اقبال صدیقی، عبدالسلام، کونسلر اسلم جوڑا شامل تھے۔
تقریب کا آغاز ڈاکٹر یونس پرواز کی تلاوت قران مجید سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا، صدر آصف علی زرداری اور وزیرِاعظم شہباز شریف کے پیغامات بھی اس موقع پر پڑھ کر سنائے گئے اور کیک بھی کاٹا گیا۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب میں یومِ پاکستان کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
قونصل جنرل نے کہا کہ یوم پاکستان یادگار دن ہے، پاکستانی ایک باعزت اور باوقار قوم ہے، ہم خطے میں امن اور ہمسایہ ممالک سے امن کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کبھی جارحیت برداشت نہ کرے گا، گزشتہ سال بھارت کی جارحیت کا پاکستان نے بھرپور جواب دیا اور پاکستان دفاع کے لیے ہروقت تیار ہے۔
قونصل جنرل نے مزید کہا کہ ملک اقتصادی طور پر آگے بڑھ رہا ہے، عالمی تجارت میں حصہ بڑھ رہا ہے، ہم چاہتے ہیں برطانوی سرمایہ کار پاکستان سے تجارتی شراکت داری کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی قونصلیٹ میں ویزا، شناختی کارڈ عمل بہتر کر رہے ہیں، نیا قونصل ہال بھی تعمیر ہوگیا ہے، تزئین و آرائش کا کام مرحلہ وار جاری ہے، مانچسٹر کی پاکستانی کمیونٹی محنت اور لگن سے کام کر رہی ہے۔
کونسلر شوکت علی نے تحریک پاکستان کے شہدا کے لئے دعا کی اور کہا کہ تارکین وطن کو بڑھ چڑھ کر پاکستان کی خدمت کرنی چاہیے، پاکستان ایٹمی طاقت نہ ہوتا تو خطرات سے دوچار ہوتا، تارکین وطن کو یوم پاکستان مبارک ہو۔
کونسلر طاہر رفیق نے کہا جب تک کشمیر کو آزادی نہیں ملتی پاکستان کا نقشہ مکمل نہ ہوگا، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتیں اس سلسلہ میں مدد کریں۔
فادر فلک شیر نے کہا کہ مسیحی برادری پوری قوم کو یوم پاکستان کے موقع پر مبارکباد پیش کرتی ہے اور ملک میں انصاف اور امن کی دعا افواج پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ تارکین وطن سالانہ 38 ارب ڈالر کی مالی ترسیلات ملک میں بھیجتے ہیں اور پاکستانی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، افواج پاکستان کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ایم پی افضل خان نے تمام شرکا کو مبارک باد پیش کی، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تہذیب ہزاروں سال پرانی ہے، بدھ، سکھ اور ہندو مذہب کے اجداد کی یادگاریں یہاں موجود ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ میں نسل پرستی سے نمٹنے کے لیے ہمیں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے، دنیا میں قانون کی بالادستی کمزور ہو رہی ہے، لہذا ہمیں ملک کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، اگر پاکستان کا دفاع مضبوط ہو تو کسی کو جنگ کرنے کی جرات نہ ہو گی، پاکستان کا دفاع اور معیشت مضبوط کرنی چاہے۔