برطانیہ کی فارن سیکریٹری یوویٹ کوپر نے مطالبہ کیا ہے کہ لبنان کو امریکہ و اسرائیل کے ایران کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے میں فوری طور پر شامل کیا جائے، آبنائے ہرمز پر نہ کوئی ٹول ہونا چاہیے اور نہ ہی کوئی پابندیاں لگنی چاہئیں۔
جمعرات کی صبح میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر دوبارہ کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ خلیج میں موجود جہازوں کو ایرانی بحریہ کی جانب سے خبردار کیا گیا کہ بغیر اجازت گزرنے والوں کو حملے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
فارن سیکریٹری نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسی بھی ملک کو بین الاقوامی بحری راستوں کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، یہ بہت ضروری ہے کہ ہم بین الاقوامی تعاون کے ذریعے آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کیلئے دباؤ برقرار رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک واضح طور پر بتا چکے ہیں کہ ٹولز عالمی تجارت کے راستوں کو نقصان پہنچائیں گے اور امریکا کے ساتھ ہونے والی اپنی متعدد بات چیت میں بھی یہ واضح کیا گیا ہے کہ اس طرح کی پابندیاں نقصان دہ ہوں گی۔
فارن سیکریٹری آج انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے دورے کے علاوہ برطانوی خارجہ پالیسی کے حوالے سے سالانہ خطاب بھی کریں گی۔
گزشتہ ہفتے برطانیہ نے 40 سے زائد ممالک کے ساتھ مذاکرات کی میزبانی کی تاکہ آبنائے ہرمز کو کھولا جا سکے اور تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سب سے پہلے جنگ کا خاتمہ ضروری ہے۔