برطانیہ میں موبائل فون کی چوریوں کے خلاف میٹرو پولیٹن پولیس نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے شمالی لندن کی کلبرن ہائی روڈ کے ایک کنوینئنس اسٹور پر چھاپہ مار کر 500 سے زائد مسروقہ فون ضبط کر لیے اور چوری شدہ سامان خریدنے، منشیات رکھنے اور اسے سپلائی کرنے کے شبے میں 4 افراد کو گرفتار کر لیا۔
گرفتار افراد کی عمریں 22، 25، 34 اور 63 برس ہیں، تاہم انہیں بعد میں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
میٹ پولیس کے مطابق وہ موبائل فون چوریوں سے متعلق ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، بشمول ڈرونز اور تیز رفتار الیکٹرک بائیکس کا استعمال کر رہی ہے۔
پولیس کی کاوشوں کے سبب لندن میں گزشتہ برس موبائل فون سے متعلق جرائم میں 10 ہزار کی کمی واقع ہوئی ہے، برینٹ میں میٹ پولیس کے انسپکٹر یو ژانگ نے کہا ہے کہ میٹ پولیس کو احساس ہے کہ موبائل فون چھیننے کی وارداتیں لندن کے رہائشیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ان وارداتوں میں کمی کے لیے پولیس سخت محنت کر رہی ہے، میٹ پولیس نے رواں برس کے آغاز میں موبائل فون سے متعلق جرائم سے نمٹنے کے لیے شروع کیے گئے آپریشن کے دوران 248 افراد کو گرفتار کیا تھا اور 770 مسروقہ فون ضبط کیے تھے۔