کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر امان اللہ کنرانی نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن ہمیں قومی وحدت و یکسانیت ، لسانی و علاقائی شناخت کی ترویج کو تسلیم کرنے کے بقائے باہمی کی اجتماعی دانش کے شعور کی یاد دلاتا ہے ، قرارداد ہمارے ملک کی پہچان و وجود کا پہلا فیصلہ کن دستاویز ہے جس نے منزل کی جانب جدوجہد کا راستہ متعین کیا ۔ قرارداد پاکستان 23 مارچ 1940 کی 86 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940 کی قرارداد قیام پاکستان کا اساس ہے ، آج بھی اکائیوں کی قومی تشخص کو برقرار رکھتے ہوئے جغرافیائی حدود کا احترام ، حقوق کے تحفظ ، وسائل کے دفاع اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے ، مسائل کے حل کے لئے آج کے دن کے حوالے سے قومی ڈائیلاگ اس قراداد کی روشنی میں شروع کیا جائے اس قرارداد کو قومی اہداف سے ہم آہنگ بنایا اور آئندہ نسل کے علم و فہم کی خاطر اس کو درسی نصاب میں شامل کیا جائے ۔