بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے کہا ہے کہ میں ایک قدامت پسند گھرانے میں پلا بڑھا ہوں، بچپن میں رومانوی فلمیں دیکھنے کی اجازت نہیں ہوتی تھی۔
عامر خان نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ فلمیں بہت کم دیکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بچپن سے ہی وہ زیادہ تر مطالعہ کے شوقین رہے ہیں اور ایک قدامت پسند گھرانے میں پلے بڑھے ہیں جہاں فلمیں بالخصوص رومانوی فلمیں دیکھنے پر سخت پابندی تھی۔
عامر خان نے کہا کہ بچپن میں وہ صرف دوردرشن پر آنے والی پرانی بلیک اینڈ وائٹ فلمیں دیکھتے تھے۔ ان کے والدین فلمیں دیکھنے کے معاملے میں سخت تھے اور رومانوی فلموں کی اجازت نہیں دیتے تھے۔
بالی ووڈ سپر اسٹار کا کہنا تھا کہ ہفتے اور اتوار کو وہ پرانی فلمیں دیکھتے تھے، جن میں اشوک کمار اور دلیپ کمار کی فلمیں شامل تھیں۔
عامر نے اعتراف کیا کہ آج بھی وہ فلمیں بہت کم دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میں فلمیں بناتا ہوں، لیکن دیکھتا بہت کم ہوں۔ مجھے نئی فلموں یا ہالی ووڈ کے بارے میں زیادہ علم نہیں ہوتا، میں اپنی ہی دنیا میں رہتا ہوں۔‘