• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز پاکستان فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ جاپان پہنچ گئے

اوور سیز پاکستان فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا شاہ 5 روزہ دورے پر جاپان پہنچ گئے۔

سید قمر رضا شاہ کا ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال مسلم لیگ (ن) جاپان کے صدر ملک نور اعوان، سینئر پاکستانی شخصیت اسد نواز خان اور او پی ایف کے بورڈ آف گورنرز کے رکن چوہدری آصف محمود نے کیا۔

جاپان آمد کے پہلے روز ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں سید قمر رضا شاہ نے براہ راست اوور سیز پاکستانیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔

اپنے خطاب میں انہوں نے واضح کیا کہ ان کے دورے کا مقصد صرف اور صرف جاپان میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو سمجھنا اور ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان کا یہ دورہ کسی بھی طور پر سیاسی نوعیت کا نہیں بلکہ وہ خود کو اوور سیز پاکستانیوں کا نمائندہ سمجھتے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ دنیا بھر میں پاکستانی ایک مضبوط لڑی میں جڑے رہیں اور ایک دوسرے کا سہارا بنیں۔

انہوں نے اوور سیز پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ قومی معیشت کو سہارا دیا ہے، اس لیے ان کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اپنے خطاب کے دوران انہوں نے پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اس وقت افواج پاکستان کئی محاذوں پر ملک کا دفاع کر رہی ہے۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پوری اوور سیز کمیونٹی ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید