وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے کی گفتگو کو وفاقی حکومت نے متنازع بنایا۔
خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی گفتگو کا اردو ترجمہ کروایا ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ یہ ایک بیٹے کے باپ کے لیے احساسات تھے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک بیٹے کو باپ کے لیے جو تشویش ہوتی ہے یہ اس کا اظہار تھا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اس گفتگو کو جی ایس پی پلس کے ساتھ جوڑ کر غلط بیانی کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی آنکھ میں بھی تکلیف ہے، ان سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے خلاف سازش وفاقی حکومت کر رہی ہے، ہمیں جتنا درختوں کی ضرورت ہے کے پی کے اس سے بڑھ کر رہا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ وفاقی حکومت ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی کر رہی ہے، جی ایس پی پلس کے معاہدے کی خلاف ورزی بھی وفاقی حکومت خود کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر ہماری صنعت کام کر رہی ہوتی تو تجارتی خسارہ کم ہوتا، وفاقی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے کسان، طالب علم اور ہر فرد مشکل میں ہے۔