اسپین نے ایران کیخلاف جنگ میں حصہ لینے والے امریکی طیاروں کےلیے اپنی فضائی حدود بند کردی۔
ہسپانوی وزیر دفاع مارگریٹا روبلیز نے میڈریڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کیخلاف جنگ میں حصہ لینے والے امریکی طیارے ہسپانوی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکتے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسپین میں موجود امریکی فوجی اڈے بھی ایران کے خلاف استعمال نہیں ہوں گے۔
اس سے قبل ہسپانوی اخبار ایل پیرس نے رپورٹ کیا تھا کہ اسپین اپنی فضائی حدود اور بیسز ایران کیخلاف حملوں کیلئے امریکی فوجی طیاروں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
مقامی ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے اسپین کے وزیر معیشت کارلوس کیورپو کا کہنا تھا کہ ہسپانوی ایئر اسپیس کی امریکی طیاروں کی بندش کا فیصلہ پہلے سے لیے گئے اس فیصلے کا حصہ ہے جس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ اسپین ایران کے خلاف اس جنگ کا حصہ نہیں بنے گا جو یکطرفہ طور پر بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہے۔
خیال رہے کہ اسپین کے وزیراعظم ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف ہیں، جسے وہ غیرقانونی عمل بھی قرار دے چکے ہیں۔