• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 برس بعد قومی ایئرلائن کی پہلی پرواز ہیتھرو ائیرپورٹ پہنچنے پر پاکستانیوں کا خیر مقدم

قومی ایئر لائنز سے سفر کیلئے چھ برس کا طویل انتظار ختم ہوا، اسلام آباد سے آنے والے والی پرواز PK785 ہیتھرو ائیرپورٹ پر اتوار کی شام لینڈ کرگئی۔

قومی ایئرلائن پاکستان اور لندن کے مابین ابتدائی طور پر 4 ہفتہ وار پروازیں چلائے گی جس میں 3 اسلام آباد کیلئے اور 1 لاہور کیلئے آپریٹ کرے گی، ہیتھرو ائیرپورٹ پر پی آئی اے کی پروازوں کے شروع ہونے کی خوشی میں سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کیک کاٹا اور خطاب بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ کمیونٹی ایک عرصہ سے اس لمحہ کی منتظر تھی، پروازیں شروع ہونے سے پاکستان میں سرمایہ کاری بھی بڑھے گی اور برطانیہ میں آباد پاکستانی باآسانی اپنے وطن جاسکیں گے۔

تقریب میں شریک رکن پارلیمنٹ محمد یاسین اور یاسمین قریشی کا کہنا تھا کہ جب سے یہ پابندی لگی وہ اس کی بحالی کیلئے کوشاں تھے، لندن سے براہ راست پروازیں شروع ہونے سے بزرگ اور بچوں کو سہولت ملے گی۔

پرواز سے آنے والے مسافروں اور پھر اسی طیارے سے لاہور جانے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ وہ ایک طویل عرصہ سے اس کے منتظر تھے، پرواز شاندار تھی عملہ بھی بہت مہربان تھا اور انھیں گھر جیسا ماحول ملا، اب بچوں کے ساتھ بھی سفر آسان ہوگیا ہے۔

انھوں نے پروازیں شروع کرنے پر حکومت پاکستان خصوصاً فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ فی الحال لندن سے ہفتہ میں چار پروازیں چلیں گی جن میں سے تین اسلام آباد اور ایک لاہور جائے گی۔ پائلٹس کے جعلی لائسنس اسکینڈل سامنے آنے کے بعد 2020 میں قومی ایئرلائن پر برطانیہ و یورپ میں پابندی عائد کی گئی تھی۔

برطانیہ و یورپ سے مزید