برسلز: ’فرام دی آرکائیوز‘ کے نام سے سفارت خانہ پاکستان برسلز ایک ہفتہ وار سیریز شروع کرنے جا رہا ہے۔
اس سیریز میں یورپین یونین اور بیلجیئم میں آج تک خدمات انجام دینے والے 23 سابق سفراء کی سفارتی خدمات کو دستیاب مواد اور تصاویر کے ذریعے نمایاں کیا جائے گا۔
سفارت خانے کے ذرائع کے مطابق یہ ہفتہ وار سیریز ہر بدھ کو پیش کی جائے گی۔
سفارت خانے کے شعبہ اطلاعات کے مطابق ’برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستان کی سفارتی مصروفیات میں اہم سنگ میل کے ساتھ برسلز میں خدمات انجام دینے والے معزز پاکستانی سفیروں کی یاد میں ایک نئی سیریز "فرام دی آرکائیوز" شروع کرنے پر خوش ہے۔‘
شعبہ اطلاعات کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’یہ سلسلہ جہاں پاکستان کی بھرپور سفارتی میراث کی عکاسی کرے گا وہیں یہ یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے اس کے پائیدار عزم کی عکاسی بھی کرتا ہے۔‘
واضح رہے کہ 26 نومبر 1947 کو پاکستان اور بیلجیئم نے دوستی اور پائیدار تعلقات کے آغاز کیلئے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا۔ جس کے بعد اگلے ہی سال یعنی 1948 میں پاکستان نے بیلجیئم میں اپنا سفارتی مشن کھول لیا تھا۔
اس لحاظ سے یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے موجودہ سفیر رحیم حیات قریشی یہاں خدمات انجام دینے والے پاکستان کے 24ویں سفیر ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ 2023 میں پاکستان اور بیلجیئم اپنے مضبوط سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ بھی منا چکے ہیں۔