• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی نژاد کراٹے کھلاڑی راجہ ریحان نے سینٹرل پولینڈ اوپن میں سلور میڈل جیت لیا

پاکستانی نژاد کراٹے کھلاڑی راجہ ریحان نے بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 12ویں سینٹرل پولینڈ اوپن 2026 میں سلور میڈل اپنے نام کر لیا۔

یہ ایونٹ پولینڈ کے شہر پلیشوو (Pleszew) میں منعقد ہوا، جہاں انہوں نے جرمنی کی نمائندگی کرتے ہوئے سینئرز -60 کلو گرام کومیٹے کیٹیگری میں حصہ لیا۔ اس ٹورنامنٹ میں 81 ٹیموں اور تقریباً 900 کھلاڑیوں نے شرکت کی، جس میں سخت اور اعلیٰ معیار کے مقابلے دیکھنے کو ملے۔

راجہ ریحان نے اپنی مہارت، رفتار اور شاندار حکمت عملی کے ذریعے متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ آذربائیجان کے رحیم مجیدوف سے ہوا، جو انتہائی سنسنی خیز اور برابر کا مقابلہ تھا۔ میچ برابر ہونے کے بعد ریفری کے فیصلے پر راجہ ریحان کو فاتح قرار دیا گیا۔

فائنل میں ان کا سامنا میزبان ملک پولینڈ کے بارٹوش وویچووسکی سے ہوا۔ سخت مقابلے کے باوجود راجہ ریحان کو 5-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم انہوں نے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کیا۔

یہ کامیابی پاکستان اور پاکستانی نژاد کمیونٹی کے لیے فخر کا باعث ہے، کیونکہ راجہ ریحان نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ملک کا نام روشن کیا۔

برطانیہ و یورپ سے مزید