ممتاز سینئر مسلم لیگی رہنما و پاکستان بزنس فورم یورپ کے چیئرمین سردار ظہور اقبال نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں امریکا ایران تنازع کے حل کے لیے مذاکرات نے پوری دنیا میں پاکستانیوں کی عزت، توقیر اور وقار میں اضافہ کر دیا۔
جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے امن مذاکرات عمل کے ساتھ یورپ کھڑا ہے، پاکستان کے مثبت تشخص نے دنیا بھر میں وہ مقام حاصل کیا ہے جو کسی اور کو نصیب نہیں ہوا۔
سردار ظہور اقبال نے کہا کہ میں اوورسیز پاکستانیوں سمیت ہر پاکستانی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیرِاعظم میاں شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی کوششوں کو قدر کی نظر سے دیکھتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ ان کی قیادت میں ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار سر انجام دینے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرأت مند قیادت نے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ اگر کوئی پاکستان پر جارحیت کی کوشش کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، بالکل اسی طرح جس طرح مئی 2025ء میں بھارت کو دیا گیا تھا۔
سردار ظہور اقبال نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھی جلد از جلد مذاکرات اور ثالثی کے نتیجے میں حل ہو گا تاکہ پُرامن دنیا ترقی کر سکے۔