وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو دن قبل ہدایت دی تھی کہ کرایوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے، جس کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے متعلقہ حکام اور ٹرانسپورٹرز سے ملاقاتیں کیں۔
مراد علی شاہ کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے تعاون کا یقین دلایا ہے اور اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ 28 فروری کے کرائے ہی برقرار رکھے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کو ہونے والے اضافی اخراجات پورے کرے گی اور رجسٹرڈ بسوں کو ایک لاکھ روپے فی بس وفاق کی جانب سے صوبائی حکومت فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں سرکاری بسوں کی تعداد 470 جبکہ مجموعی طور پر 11 ہزار بسیں چل رہی ہیں اور ان اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو ٹرانسپورٹرز رجسٹرڈ نہیں اور ازخود کرایہ بڑھائیں گے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی، جبکہ غیر رجسٹرڈ ٹرانسپورٹرز کو رجسٹریشن کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ انہیں سبسڈی دی جا سکے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ٹارگٹڈ سبسڈی دینا زیادہ مؤثر ہے کیونکہ اس سے براہِ راست غریب طبقے کو فائدہ پہنچتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد آن لائن کھانا منگواتے ہیں وہ غربت کی لکیر سے اوپر ہوتے ہیں اور آن لائن رائیڈرز کا کرایہ بھی وہی لوگ ادا کرتے ہیں جو یہ سہولت استعمال کرتے ہیں۔
انہوں نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ اپنے پروٹوکول کی ویڈیوز بنا کر عوام کے سامنے رکھیں تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔