• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظیم پورہ فلائی اوور منصوبے پر نمایاں پیشرفت ہوچکی، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بتایا گیا ہے کہ عظیم پورہ فلائی اوور کا 45 فیصد کام 27 دنوں میں مکمل ہوگیا ہے۔

مراد علی شاہ نے سینئر وزیر شرجیل میمن، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، میئر مرتضیٰ وہاب اور دیگر کے ہمراہ عظیم پورہ فلائی اوور اور ترقیاتی منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ منصوبے پر نمایاں پیشرفت ہوچکی ہے، 15 جون تک تکمیل متوقع ہے، جس سے ٹریفک مسائل میں واضح کمی ہوگی۔

سید مراد علی شاہ نے شاہراہ بھٹو پر جاری ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ یہ منصوبہ کراچی کے عوام کےلیے نہایت اہم ہے، ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ 28 فروری کے ٹرانسپورٹ کرایے برقرار رکھے جائیں گے، حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ بڑھتی پیٹرولیم قیمتوں کے باوجود عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا، ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے مستحق افراد تک ریلیف پہنچایا جائے گا۔

مراد علی شاہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عظیم پورا فلائی اوور 700 میٹر طویل ہے، ساتھ ہی 4 لین سڑک بھی زیرتعمیر ہے، منصوبہ مکمل ہونے پر ٹریفک مسائل میں واضح کمی متوقع ہے۔

قومی خبریں سے مزید