خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے بجلی کی بچت کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کردیا۔
خیبر پختونخوا میں کل سے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مارکیٹیں رات 9 بجے اور اضلاع میں 8 بجے بند ہوں گی۔
اعلامیے کے مطابق ریسٹورنٹس، کیفے اور ہوٹلز رات 10 بجے بند ہوں گے جبکہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔
شادی ہالز، مارکیز اور ایونٹس بھی رات 10 بجے تک محدود کر دیے گئے جبکہ میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔
اعلامیے کے مطابق تندور، پیٹرول پمپ اور پبلک ٹرانسپورٹ کو مخصوص حد تک استثنیٰ حاصل ہوگا، صنعتی یونٹس اور فیکٹریاں کام جاری رکھ سکیں گی۔
پرائیویٹ دفاتر، بینکس، اکیڈمیز، شاپس، جم اور دیگر کمرشل سرگرمیاں بھی پابندی میں شامل ہیں جبکہ زرعی و تعمیراتی سرگرمیاں، اسپتال، لیبارٹریز اور ایمرجنسی سروسز مستثنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق میڈیکل اسٹورز 24 گھنٹے کھلے رہیں گے، صرف ادویات کی فروخت تک محدود ہوں گے، مارکیٹس میں اضافی روشنی محدود، صرف ضروری لائٹنگ کی اجازت ہوگی۔
کاروباری اوقات کے بعد اے سی، لفٹس اور ایسکلیٹرز کے استعمال پر پابندی ہوگی، غیرضروری کمرشل سرگرمیوں کےلیے جنریٹر کے استعمال پر بھی پابندی عائد ہوگی۔
اعلامیے کے مطابق ڈپٹی کمشنرز ( ڈی سیز) اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے، خلاف ورزی پر معائنہ ،چیکنگ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے ،نوٹیفکیشن کے فیصلوں کا اطلاق کل سے ہوگا۔