• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کیلئے دی جانے والی ڈیڈ لائن کا وقت بتادیا

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی 

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو معاہدے کے لیے دی جانے والی ڈیڈ لائن کا وقت لکھ دیا، سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ منگل رات 8 بجے ایسٹرن ٹائم ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق 8 بجے رات کا وقت ایران میں رات 3:30 بجے کا وقت ہوگا،  جبکہ پاکستانی وقت بدھ کی صبح 5 بجے ہوگا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا والے پیغام سے پہلے امریکی اخبار سے گفتگو میں کہا تھا کہ ایران جنگ خاتمے کے لیے کوئی ٹائم لائن نہیں دے سکتے، ایران نے منگل کی شام تک آبنائے ہرمز نہ کھولی تو ایرانی پاور پلانٹس کو نشانہ بنائیں گے۔

اخبار کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران کو منگل کی شام کی ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے منگل کی شام تک کچھ نہ کیا تو ان کے پاس کوئی بجلی گھر نہیں رہے گا، ان کا کوئی پُل کھڑا نہیں رہے گا۔

امریکی نیوز نیٹ ورک اے بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تنازع ہفتوں میں نہیں دنوں میں ختم ہونا چاہیے، اگر معاہدہ نہ ہوا تو بہت کم چھوڑ کر پورے ایران کو تباہ کیا جاسکتا ہے، امریکا کی زمینی فوج کا جانا ضروری نہیں لیکن یہ خارج از امکان بھی نہیں ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ کل معاہدہ ہو بھی سکتا ہے اور نہیں بھی ہوسکتا، مجھے نہیں معلوم مجھے ان لوگوں کا کوئی اندازہ نہیں ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید