• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت بوکھلاہٹ کا شکار، حواس باختہ ہوچکا، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار اور حواس باختہ ہوچکا ہے۔

سیالکوٹ ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت نے دوبارہ پہلگام جیسا فالس فلیگ آپریشن کیا تو کولکتہ تک پہنچا کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اسرائیل جنگ کے اثرات کا سامنا کرنا پڑے گا، ان سے نمٹنے کے لیے کئی کھرب روپے کی ضرورت پڑے گی۔

خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ شہر کے مسائل حل کر رہے ہیں، اہم شاہراہوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ 3 سال میں شہر کی شکل و صورت میں واضح تبدیلی آئے گی، اگلے الیکشن میں ایسی رپورٹ کارڈ لائیں گے جس میں ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔

دوسری طرف وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ کسی حکومتی پالیسی کا نتیجہ نہیں بلکہ ایران جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کا براہِ راست اثر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت پاکستان اس جنگ کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر فعال سفارتی کردار ادا کر رہی ہے، ایسے وقت میں سنسنی خیزی اور انتشار سے گریز کرتے ہوئے بطور قوم ذمہ داری اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ مغربی بنگال، آسام اور دیگر بھارتی ریاستوں میں انتخابات قریب آتے ہی نئی دہلی کا ایک اور فالس فلیگ آپریشن بےنقاب ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق را سے منسلک بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پاکستانی ریاستی اداروں پر بےبنیاد الزامات لگائے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ان اکاؤنٹس سے جیلوں میں قید بے گناہ افراد کو نشانہ بنا کر فالس فلیگ کا ماحول تشکیل دینے کی کوشش جاری ہے، بھارتی وزرا کے پاکستان مخالف بیانات اور سیاسی عزائم کیلئے منظم منصوبہ بندی ہے۔

ذرائع کے مطابق نریندر مودی انتخابات سے قبل پاکستان مخالف جذبات ابھار کر سیاسی عزائم کےحصول کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید