چمن، پشین، مسلم باغ اور زیارت میں بارش اور ژالہ باری ہوئی جبکہ گلستان میں آسمانی بجلی گرنےسے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے سےمویشیوں کی بڑی تعداد بھی ہلاک ہوئی، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی جبکہ سرحدی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہے۔
بارش اور ژالہ باری کے باعث کئی رابطہ سڑکیں اور بین الاضلاعی شاہراہیں بند ہیں جبکہ آمدورفت شدید متاثر ہوئی۔
ادھر وادی کاغان کے علاقے پھاگل میں مسلسل بارش سے پتھر پہاڑی سے سرکنے لگا، لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آنے والے درجنوں مکانات کے مکین محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے۔
پنجاب کے مختلف شہروں ملتان، بہاولپور، وہاڑی، بھکر اورجھنگ میں بارش جبکہ کہیں ژالہ باری بھی ہوئی۔
شمالی وزیرستان، پاراچنار، بنوں، سوات سمیت خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور کوہ سفید پر برف باری نے موسم کو سرد کر دیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔