• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان میں جنگی جرائم کے الزام میں سابق آسٹریلوی کمانڈو بین رابرٹس اسمتھ گرفتار

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

آسٹریلیا کے سابق اسپیشل فورسز اہلکار بین رابرٹس اسمتھ کو افغانستان میں مبینہ جنگی جرائم کے الزام میں سڈنی ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔

آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے مطابق 47 سالہ سابق فوجی بین رابرٹس اسمتھ پر غیر مسلح افغان شہریوں کے قتل کے 5 الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلین فیڈرل پولیس کمشنر کریسی بیریٹ نے بتایا ہے کہ ملزم کو نیو ساؤتھ ویلز کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، یہ کارروائی 2021ء سے جاری ایک پیچیدہ تحقیقات کے بعد عمل میں آئی ہے جس میں آسٹریلین فیڈرل پولیس اور آفس آف دی اسپیشل انویسٹیگیٹر شامل تھے۔

ان کی گرفتاری ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بین رابرٹس اسمتھ صحافیوں کے خلاف دائر ہتکِ عزت کا مقدمہ پہلے ہی ہار چکے ہیں۔

 عدالت نے 2023ء میں فیصلہ دیا تھا کہ صحافیوں کی جانب سے ان پر افغان شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے کی رپورٹنگ درست بنیادوں پر مبنی تھی جسے بعد میں فیڈرل کورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان کے خلاف امریکا اور نیٹو کی قیادت میں جاری کارروائیوں کے دوران تقریباً 39000 آسٹریلوی فوجی تعینات رہے۔

بین رابرٹس اسمتھ کو افغانستان میں خدمات پر وکٹوریہ کراس سمیت اعلیٰ عسکری اعزازات بھی مل چکے ہیں اور انہیں آسٹریلیا کا سب سے زیادہ اعزاز یافتہ زندہ فوجی سمجھا جاتا تھا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید