اسرائیلی دفاعی افواج نے ایران کے شہریوں کو آج رات 9 بجے تک ٹرین کے ذریعے سفر کرنے سے خبردار کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے فارسی زبان میں پیغام جاری کیا گیا ہے۔
فارسی زبان میں جاری کردہ بیان میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنی سلامتی کے پیشِ نظر ملک بھر میں آج ایران کے وقت کے مطابق رات 9 بجے تک ٹرین کے سفر سے گریز کریں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹرینوں میں موجودگی اور ریلوے لائنوں کے قریب رہنا آپ کی جان کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
دریں اثناء ایران نے یونیسکو سے ریلوے پر اسرائیلی حملے کی دھمکی کی مذمت کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو تباہ کرنے کی دھمکی دی تھی۔
ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایرانی حکومت نے منگل کو امریکی وقت کے مطابق شام 8 بجے تک آبنائے ہرمز نہ کھولی تو ایران کے شہری بنیادی انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
رات گئے جاری کیے گئے ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں تیسرے پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو نشانہ بنایا ہے۔
فوج کے مطابق یہ حملہ پیر کے روز ایران کے جنوب مغربی شہر شیراز میں واقع ایک پلانٹ پر کیا گیا۔
آئی ڈی ایف کا کہنا تھا کہ یہ تنصیب نائٹرک ایسڈ تیار کرتی تھی، جو بیلسٹک میزائلوں کی تیاری میں استعمال ہوتا ہے۔
فوج نے یہ بھی کہا کہ یہ تیسرا حملہ ہے جو پیر کے روز پیٹروکیمیکل تنصیبات پر کیا گیا، اس سے قبل 2 علیحدہ کارروائیوں میں جنوبی ایران کے علاقے عسلویہ میں واقع ساؤتھ پارس پیٹروکیمیکل پلانٹ اور صوبہ فارس میں مرو دشت پیٹروکیمیکل کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔