• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرسٹینا کوچ نے خلا میں نئی تاریخ رقم کردی، زمین سے سب سے دور جانے والی پہلی خاتون خلا باز بن گئیں

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

امریکی خلائی ادارے ناسا کے اہم اور تاریخی مشن آرٹیمس II کے دوران خاتون خلا باز کرسٹینا کوچ نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے زمین سے سب سے زیادہ فاصلے تک جانے والی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

یہ مشن ناسا کا پہلا انسانی چاند مشن ہے جس میں 4 خلا بازوں کو چاند کے گرد بھیجا گیا ہے، مشن کا دورانیہ 10 دن پر مشتمل ہے جس کا مقصد لائف سپورٹ سسٹمز، نیویگیشن اور ڈیپ اسپیس آپریشنز کا جائزہ لے کر چاند پر انسانی موجودگی کی راہ ہموار کرنا ہے۔

کرسٹینا کوچ اس مشن میں واحد خاتون خلا باز ہیں، انہوں نے 4 لاکھ کلو میٹر سے زائد فاصلے تک سفر کر کے ریکارڈ قائم کیا ہے، وہ اس مشن میں بطور مشن اسپیشلسٹ شامل ہیں جبکہ خلائی جہاز کا نام انٹیگریٹی رکھا گیا ہے۔

47 سالہ کرسٹینا کوچ 2013ء میں ناسا سے بطور خلا باز وابستہ ہوئیں اور 2019ء میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن پر 328 دن گزار کر کسی بھی خاتون کی طویل ترین خلائی پرواز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرچکی ہیں۔

مشن کے دوران ایک اہم مرحلے پر خلائی جہاز کے ویسٹ مینجمنٹ سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی تھی جس سے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کرسٹینا کوچ نے انجینئرنگ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسئلے کے حل میں اہم کردار ادا کیا اور صورتحال کو سنبھال لیا، جس پر انہوں نے خود کو مزاحیہ انداز میں اسپیس پلمبر بھی کہا۔

واضح رہے کہ آرٹیمس II مشن کو مستقبل میں چاند پر انسانی قیام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید