اسلام آباد(ساجد چوہدری ، شکیل اعوان ، ناصر چشتی )ایوان بالا میں اپوزیشن اور حکومت یک زبان ، ایران اور امریکا کے مابین جنگ بندی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے خطے میں امن کے لئے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور کہا ہے کہ یہ جنگ بندی سفارتی کوششوں کی کامیابی کا ثبوت ہے۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی جنگ بندی سفارتی کوششوں کی کامیابی کا ثبوت ہے،قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا جس نے بھی جنگ بندی کے لیے کام کیا اس کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، سینیٹر شیری رحمان نے کہاکہ امن کسی ایک کی نہیں پوری دنیا کی جیت ہے، سینیٹر رانا ثنا اللہ پاکستان نے عالم اسلام کو درپیش خطرے سے بچایا،سینیٹر علی ظفر نے کہا اب وقت آ گیا کہ ہم ریجنل سکیورٹی فورسز بنائیں، سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہایہ صرف ایک انسان نہیں بلکہ کروڑوں پاکستانیوں کی کامیابی ہے۔ بدھ کو سینٹ کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کو موخر کر دیا گیا ، ایران اور امریکہ کے مابین جنگ بندی پر بحث کی گئی ، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ریاستہائے متحدہ امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مشرقِ وسطیٰ اور اس سے باہر امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم اور حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیا ہے۔