سکھر (بیورو رپورٹ)جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس عمومی کا اہم اجلاس سکھر کے مقامی شادی ہال میں صوبائی امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی کی صدارت میں منعقد ہوا، مرکزی و صوبائی قائدین علماء، وکلا، بزنس، یوتھ اور اساتذہ ونگ کے رہنماؤں اور صوبائی عمومی کے 1376ارکان نے شرکت کی۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مختلف صوبوں میں بدامنی کی آگ لگی ہوئی ہے، بلوچستان میں آئے روز قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے اور فورسز کی موجودگی کے باوجود عام شہریوں کا خون بہایا جا رہا ہے. مدارس کو بے جا نوٹس بھیجے جا رہے ہیں اور عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ اجلاس میں جے یو آئی کے پی کے امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن، جے یو آئی پنجاب کے قائم مقام امیر مولانا سفی اللہ، مرکزی پریس ترجمان محمد اسلم غوری، درگاہ امروٹ شریف کے سجادہ نشین سید سراج احمد شاہ امروٹی، مرکزی رہنما مفتی سعود افضل ہالیجوی، علامہ ناصر محمود سومرو، انجنیئر عبدالرزاق عابد لاکھو، صوبائی رہنماؤں مولانا محمد صالح انڈھڑ، ڈاکٹر محمد ابراہیم جتوئی، ڈاکٹر اے جی انصاری ودیگر نے بھی خطاب کیا۔