• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیارے عبدالرشید ! آج تم کچھ بجھے بجھے سے لگ رہے ہو۔ خیریت تو ہے؟میرے پیارے دوست ناصر حسین ، میں تمہارا ممنون ہوں کہ تم نے میری خیریت پوچھتے ہوئے صرف آج بجھا بجھا سا دکھائی دینے کی بات کی ہے ورنہ میں تو وہ چراغ ہوںجس کا تیل ختم ہو چکا ہے اور ہوا کا کوئی تیز جھونکا مجھے کسی وقت بھی بجھا سکتا ہے۔’’کیا بات ہے، تم آج کچھ زیادہ ہی مایوسی کی باتیں کر رہے ہو؟ ‘‘مایوسی کی باتیں کیوں نہ کروں ، شوگر دو سو تک پہنچی ہوئی ہے، بلڈ پریشر نارمل ہونے کانام نہیں لے رہا۔’’تمہارے گھٹنوں کے درد کا کیا حال ہے؟‘‘،ڈاکٹر نے مصنوعی گھٹنے ڈالنے کا مشورہ دیا ہے۔’’تم ایک جعلی حکیم کی گولیاں استعمال کر رہے تھے، ان سے کچھ فائدہ نہیں ہوا ؟‘‘،اسی بد بخت حکیم نے تو میرا بیڑہ غرق کیا ہے۔

اس کی پہلی دو چار خوراکیں کھانےسے یوں لگا جیسے مجھے کبھی گھٹنوں کا دردتھا ہی نہیں۔’’اور اس کے بعد؟‘‘،اور اس کے بعد گھٹنے سوجنا شروع ہو گئے اور میں چلنے پھرنے سے بھی معذور ہو گیا۔ حکیم گولیوں میں اسٹرائیڈ استعمال کرتا ہے اور اسے پوچھنے والا کوئی نہیں، خیر تم میری چھوڑو، اپنی سناؤ ، دن کیسے گزر رہے ہیں؟،’’ دن کیا گزرنے ہیں، دانت سارے گر گئے ہیں، کمر میں درد رہتا ہے، پھیپھڑوں میں پانی بھر گیا ہے، پاؤں ہر وقت سوجے رہتے ہیں ‘‘۔کسی سے علاج کرا رہے ہو؟،’’مختلف امراض کیلئے مختلف ڈاکٹروں کے زیر علاج ہوں۔ اس کے علاوہ ایک پیر صاحب سے دم بھی کراتا ہوں، نیز کوئی ملنے والا اگر کوئی ٹوٹکا بتاتا ہے تو وہ بھی کر کے دیکھ لیتا ہوں ۔‘‘میرا بھی یہی معاملہ ہے مگر کچھ لوگ تو بہت عجیب عجیب ٹوٹکے بتاتے ہیں۔ مثلاً ایک صاحب نے کہا کہ کسی 90 سالہ بابے کی دھوتی لے کر ایک بالٹی پانی میں رات بھر ڈبو کر رکھو اور اگلے روز سے یہ پانی نہار منہ دو دو گھونٹ کر کے پینا شروع کرو۔ یہ کورس ایک مہینے کا ہے اور شوگر کے لیے اکسیر ہے،’’کیا خیال ہے ، لوگ اس قسم کی باتیں کر کے ہم بابوں کا مذاق نہیں اُڑاتے ۔‘‘یہی معاملہ ہے۔ اصل میں نئی نسل کی آنکھوں کا پانی مر گیا ہے، چھوٹے بڑے کی تمیز نہیں رہی ... اور تم دیکھ رہے ہو لڑکیاں کس قدر واہیات لباس پہنے لگی ہیں ۔’’اور کیا!‘‘ جب اس لباس میں وہ موٹر سائیکل کی پچھلی سیٹ پر بیٹھتی ہیں تو قمیض کچھ اور اوپر کھسک جاتی ہے۔ نوجوانوں کا اخلاق کیوں خراب نہ ہو۔’’یہ تو کچھ بھی نہیں، سوشل میڈیا گندی ریلیز سے بھرا پڑا ہے ۔ اب تو پاکستانی رقاصائیں ان ویڈیوز میں برہنہ رقص کرنے لگی ہیں اور سائیڈ پہ موبائل نمبر بھی لکھا ہوتا ہے‘‘،مجھے یقین نہیں آتا کہ ایسا ہو سکتا ہے ۔’’ خود مجھے بھی یقین نہیں آتا تھاچنانچہ جس نوجوان نے مجھے بتایا کہ ایسا ہو رہا ہے تو میں نے اسے ان ٹک ٹاکرز کی ریلز کے لنک بھیجنے کو کہا کیونکہ سنی سنائی بات پر یقین کرنا اور اسے آگے پھیلانا گناہ ہے۔

چنانچہ جب میں نے یہ دیکھی تو اس کے باوجود میری آنکھوں کو یقین نہ آیا چنانچہ میں نے دوسری بار چلائی لیکن اس مرتبہ بھی مجھے یہی لگا کہ یہ نظر کا دھوکا ہے چنانچہ تین چار بار دیکھنے کے بعد یقین آیا کہ یہ نظر کا دھوکا نہیں، حقیقت ہے۔ ناصر حسین ، قوم کس طرف جارہی ہے؟‘‘،بھائی عبدالرشید ! یہ تو واقعی بہت افسوسناک صورتحال ہے۔ میں تمہارے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ تم مجھ سے جھوٹ بولو گے۔ اس کے باوجود میں تمہاری طرح سنی سنائی باتوں پر یقین کر لینے کو گناہ سمجھتا ہوں۔ اگر ہو سکے تو یہ ویڈیوز کے لنک مجھے بھی فارورڈ کرنا،’’ٹھیک ہے ، یہ نیک کام آج ہی کرتا ہوں۔ ویسے میں نے تم سے ایک مشورہ بھی کرنا ہے‘‘،ضرور کرو، دوست ہوتے کس لیے ہیں ؟،’’ تمھیں معلوم ہے میری زوجہ بہت عرصے سے بیمار چلی آرہی ہے ۔‘‘،نہیں مجھے تو علم نہیں۔ کیا پرابلم ہے ہماری بھا بھی کو؟،’’اسے اکثر نزلہ زکام رہتا ہے، چنانچہ چھینکنے پر آتی ہے تو چھینکتی ہی چلی جاتی ہے ۔‘‘او ہو! یہ تو واقعی بہت خطرناک بیماری ہے۔ تمھیں یقیناً کسی ہمدرد نے عقد ثانی کا مشورہ دیا ہو گا،’’بالکل بالکل تمھیں کیسے پتہ چلا ؟‘‘،میری بیوی بھی ایک تشویشناک بیماری میں مبتلا ہے۔

رات کو سوتے میں خوفناک خراٹے لیتی ہے اور پھر ان کی گونج سے خود ہی ہڑ بڑا کر اٹھ بیٹھتی ہے، چنانچہ نہ وہ رات کو چین سے سو سکتی ہے اور نہ میں صحیح طرح سو پاتا ہوں، لہٰذا میرے ایک ہمدرد نے مجھے بھی عقد ثانی کا مشورہ دیا ہے۔’’پھر تم نے کیا سوچا ہے؟“،میرے محلے میں ایک یتیم لڑکی ہے، اسے سہارا دینے کا سوچ رہا ہوں۔ ویسے تمہاری نظروں میں بھی کوئی ہو تو مجھے بتانا ،’’ میری فیکٹری میں بہت سی بے سہارا لڑکیاں کام کرتی ہیں، ان میں سے ایک بہت خوبصورت ہے مگر مجھے اس کی خوبصورتی سے کیا لینا دینا لیکن وہ مجھے دوسروں کی نسبت زیادہ ضرورت مند لگتی ہے۔ میں نے اس سے عقد کا ارادہ کیا ہے مگر گھر یلو فساد سے بچنے کیلئےفی الحال خفیہ رکھوں گا۔ دعا کرو اللہ تعالیٰ میری یہ نیکی قبول فرمائے اور ہاں وہ لنک ذرا مجھے جلدی بھجوا دینا۔‘‘

تازہ ترین