کراچی( اسٹاف رپورٹر )کراچی سے بزریعہ سڑک اسلحہ کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث 5ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی حیدرآباد شاہزیب چاچڑ کی ہدایت پر انچارج سی پی نسیم نگر نے ہمراہ اسٹاف کے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور اسلحہ کی ترسیل ناکام بناکر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر لیا۔ نسیم نگر پولیس کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کراچی سے بذریعہ روڈ اسلحہ کی غیر قانونی ترسیل ٹنڈو الہ یار جانے کے لیے حیدرآباد کی جانب آرہی ہے۔اس اطلاع پر انچارج سی پی نسیم نگر نے اسٹاف کے ہمراہ دریا پل نیشنل ہائی وے نزد صائمہ ڈاؤن ٹاؤن پر ناکہ بندی اور چیکنگ شروع کی۔ اس دوران کراچی کی جانب سے آنے والی ایک ایکوا کار اور اس کی رہنمائی میں آنے والے شہزور ٹرک کو روک لیا گیا۔تلاشی کے دوران ایکوا کار میں سوار دو اور شہزور ٹرک میں موجود تین ملزمان سے تفصیلات حاصل کی گئیں۔ گرفتار ملزمان سکندر ولد عبیداللہ آفریدی (اسلحہ کی دکان کا مالک)،ظفر ولد مدثر شاہ،علی رضا ولد شمس الدین شاہ،کاشف ولد اسماعیل اور ڈرائیور عرفان علی ولد حاجی خان کوریجو کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و ایمونیشن برآمد ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان محکمہ داخلہ کی جاری کردہ ہدایات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نجی گاڑیوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر اسلحہ منتقل کر رہے تھے اور اس بابت کوئی تسلی بخش وضاحت پیش نہ کر سکے۔ملزمان کے خلاف دفعہ 188، 285، 286تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مزید برآمد شدہ ممنوعہ و غیر ممنوعہ اسلحہ کی تصدیق کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط ارسال کیے جا رہے ہیں جبکہ واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔