لاہور(آصف محمود بٹ ) لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل مسٹر سن یان نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان کے فعال سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور تنازعات کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں جو قابلِ تحسین ہیں،چین پاکستان میں جدید لیبارٹریز، ریسرچ سینٹرز اور ٹیکنالوجی ٹرانسفر پروگرامز کے قیام میں تعاون کیلئے تیارہے۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اب اپنے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ، جس میں صنعتی تعاون، خصوصی اقتصادی زونز (SEZs)، زراعت، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور انسانی وسائل کی ترقی پر توجہ دی جا رہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس آمد پر ’جنگ ‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چینی قونصل مسٹر جنرل سن یان نے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال، علاقائی تنازعات اور جبر پر مبنی پالیسیوں کے تناظر میں چین اور پاکستان نے مشترکہ طور پر 31 مارچ کو بیجنگ میں ’’فائیو پوائنٹ انیشی ایٹو فار ریسٹورنگ پیس اینڈ اسٹیبلیٹی اِن دی گلف اینڈ دی مڈل ایسٹ‘‘ جاری کیا جو خطے میں امن کے قیام کے لیے دونوں ممالک کے ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور باہمی اسٹریٹجک اعتماد کا مظہر ہے۔