کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ ماہی گیر وں کو بھی فیول سبسڈی دی جائے گی، چھوٹی کشتی والے کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ منگل کو پرائیوٹ ممبر ڈے پر وقفہ سوالات کے دوران ارکان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لاکھوں لوگوں نے موٹر سائیکل پر سبسڈی حاصل کی ہے ۔آج سندھ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ماہی گیر وں کو بھی سبسڈی دی جائے گی ۔چھوٹی کشتی والے کو ایک لاکھ روپے دیئے جائیں گے ۔ موٹر سائیکل پر ٹیکس بھی کم کیا گیا ہے۔ایوان کی کارروائی کے دوران ایم کیو ایم کے رکن ناصر احمدنے پوائنٹ آف آرڈر پر کہا کہ پریٹ آباد اسپتال میں سہولتیں نہیں ہیں ۔انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پیرس کے بعد جاپان یعنی حیدرآباد کا بھی برا حال ہے جن مسائل کو ہم اٹھاتے ہیں کوئی جواب نہیں ملتا ۔ صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو فلائی اوور پر کام چل رہا ،حیدر آباد میں اس وقت 6 فلٹر پلانٹ بن رہے ہیں۔ جن علاقوں میں فلٹر پلانٹ بن رہے وہاں پیپلز پارٹی کا ووٹ نہیں ہے۔ حیدر آباد میں ہم ٹراما سینٹر بنانے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ حیدر آباد میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے بہت منصوبے ایم کیو ایم کے رکن عبدالوسیم نے نشاندہی کی کہ ضلع سینٹرل میں پانی کی لائن پھٹ گئی ہے جس کے سبب دس روز سے پانی کی فراہمی متاثر ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرمی کی شدت اتنی ہے کہ لوگ تندور میں جی رہے ہیں۔ پورے ضلع میںلوڈ شیڈنگ کا کوئی وقت نہیں ہے ۔گیس کا مسئلہ پہلے ہی موجود تھا۔ ضلع وسطی میںکئی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس شہر کے مسائل حل کئے جائیں یہ شہر سندھ کا حصہ ہے۔وزیر داخلہ ، قانون اور پارلیمانی امورضیاء الحسن لنجار نے ایوان کو بتایا کہ گل پلازہ سانحہ پر ایف آئی آر داخل ہے ۔گل پلازہ اس وقت کورٹ کی پراپرٹی ہے۔