کراچی (سید محمد عسکری) کیمبرج انٹرنیشنل اسسمنٹ کے تحت ہونے والے امتحانات میں ایک اور پرچہ مبینہ طور پر لیک ہو کر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس کے بعد امتحانی نظام کی شفافیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق اے ایس لیول بزنس اسٹڈیز (کوڈ 9609، پیپر 1) کا پرچہ امتحان سے قبل ہی سوشل میڈیا پر گردش کرتا رہا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ پرچہ رات گئے آن لائن دستیاب تھا جبکہ دن 12 بج کر 41 منٹ پر بھی اس کی گردش کی اطلاعات موصول ہوئیں۔اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر تین مختلف نوعیت کے پرچے موجود تھے، جن میں سے ایک بزنس اسٹڈیز کے اصل پرچے سے مطابقت رکھتا تھا۔اس واقعے کے بعد طلبہ اور والدین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ مسلسل سامنے آنے والے ایسے واقعات سے امتحانی نظام کی ساکھ متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اس حوالے سے پاکستان میں کیمبرج کے نمائندوں سے مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم خبر فائل کیے جانے تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ۔