کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) نیوکراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے مبینہ مقابلے میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث 5 ڈاکوؤں کو ہلاک کر کے اسلحہ ، کار ، چوری شدہ موٹرسائیکل اور دیگر سامان برآمد کر لیا ۔ تفصیلات کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا پولیس نے لیاری ندی پُل روٹ نمبر G-3 بس اسٹاپ کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب مبینہ مقابلے میں 5 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا ، تین ڈاکو کار اور دو موٹرسائیکل پر سوار تھے ، دو طرفہ فائرنگ کے دوران درجنوں گولیاں کار اور پولیس موبائل کو بھی لگیں تاہم کار میں اور موٹرسائیکل پر سوار پانچوں ڈاکو مارے گئے، مارے جانے والے ڈاکوؤں کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئیں ، ایڈیشنل ایس ایچ او نیوکراچی انڈسٹریل ایریا بن یامین نےبتایا کہ پولیس مقابلہ میں مارے جانے والے ملزمان کی شناخت 35 سالہ ندیم علی ولد خدا بخش ، 40 سالہ سرفراز ولد شیق ، 40 سالہ نوید ولد عزیز اللہ ، 35 سالہ آصف علی ولد عطا محمد اور غلام عباس ولد محمد احسان کے ناموں سے کی گئیں ، گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک تیس بور پستول ، ایک نائن ایم ایم پستول ، دو تیس بور پستول ، ایک ایس ایم جی رائفل بمعہ گولیاں و کارتوس ، موبائل فونز ، ایک کار ، شارع فیصل تھانے کی حدود سے چوری کی گئی موٹر سائیکل ، ہرے رنگ کا ہیلمٹ اور نقدرقم برآمد کی گئی ، ہلاک ڈاکو عادی جرائم پیشہ اور ہائی پروفائل کرمنل تھے ، ملزمان ہاؤس رابری ، اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ، ملزمان اے ٹی ایم اور بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو بھی لوٹا کرتے تھے۔