لاہور (آصف محمود بٹ)بنگلہ دیشی سول سروس وفد کی نیپا کراچی میں دوسرے روز بھی مصروفیات ، تعلقات میں نئی جہت۔پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ پیشہ ورانہ، تعلیمی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ،وفد کی مختلف بریفنگز میں شرکت ۔حکام کے مطابق نیپا کراچی میں بنگلہ دیشی وفد کی مسلسل اور فعال شرکت خیرسگالی کا مظہر، بڑھتے ہوئے باہمی اعتماد اور ہم آہنگی کی واضح علامت ہے۔ بنگلہ دیش کے سینئر سول سروس افسران پر مشتمل 12 رکنی وفد نے پاکستان کے اپنے غیر معمولی اور تاریخی دورے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے منگل کے روز نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کراچی میں دوسرے روز کی جامع اور بامقصد سرگرمیوں میں شرکت کی۔ نیپا کراچی پہنچنے پر وفد کا پرتپاک استقبال نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی (این ایس پی پی) کے ریکٹر فرحان عزیز خواجہ اور ڈائریکٹر جنرل نیپا کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ حکام نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ پیشہ ورانہ، تعلیمی اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں مشترکہ تربیتی پروگرامز، علمی تبادلوں اور تجربات کے اشتراک کو فروغ دیا جائے گا۔