• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا و انڈونیشیا میں بڑا دفاعی معاہدہ طے

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

امریکا اور انڈونیشیا کے درمیان ایک اہم دفاعی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا ہے جسے دونوں ممالک نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے پینٹاگون میں انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع شافری شمس الدین کے ساتھ ملاقات کے بعد معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر اُنہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور ایشیاء پیسفک خطے میں استحکام کو فروغ دے گی۔

امریکا اور انڈونیشیا کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک جدید دفاعی ٹیکنالوجی، خاص طور پر بحری، زیرِ آب اور خودکار نظاموں کی مشترکہ ترقی پر کام کریں گے جبکہ فوجی تیاری اور صلاحیتوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

انڈونیشیا کے وزیرِ دفاع نے اس معاہدے کو آئندہ نسلوں کے لیے دیرپا تعلقات کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک باہمی احترام اور مفاد کے تحت تعاون کو فروغ دیں گے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکا انڈونیشیا کی فضائی حدود میں اپنے فوجی طیاروں کے لیے پرواز کی اجازت حاصل کرنا چاہتا ہے تاہم انڈونیشیا کی وزارتِ دفاع نے واضح کیا ہے کہ اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا اور تمام معاملات ابتدائی مرحلے میں ہیں۔

انڈونیشیا کی وزارتِ دفاع کے مطابق ملک اپنی فضائی حدود پر مکمل اختیار رکھتا ہے اور کسی بھی ممکنہ معاہدے میں ملکی خودمختاری کو یقینی بنایا جائے گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید