• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ ایران سے دوبارہ جنگ نہیں کریں گے: برطانوی جریدے کی رپورٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو

برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف دوبارہ جنگ کی طرف نہیں جائیں گے، وہ سمجھ چکے ہیں کہ جنگ شروع کرنا ہی ایک غلط فیصلہ تھا۔

برطانوی جریدے نے اپنی ایک تفصیلی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی اور جنگی صورتِ حال نے ناصرف خطے کو غیر مستحکم کیا بلکہ امریکی پالیسی اور طاقت کے استعمال کے حوالے سے ٹرمپ کے وژن کی کمزوریاں بھی واضح کر دیں۔

جریدے کا کہنا ہے کہ اگر جنگ بندی کے ذریعے اس تنازع کا خاتمہ ہوتا ہے تو سیاسی طور پر سب سے زیادہ نقصان صدر ٹرمپ کو اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

دی اکانومسٹ کے مطابق ٹرمپ کے ایران کے خلاف سخت اور اشتعال انگیز بیانات اب ایسے محسوس ہوتے ہیں جیسے وہ اپنی پسپائی کو مضبوط ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہوں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نئی جنگ ناصرف عالمی منڈیوں میں خوف و ہراس پیدا کرے گی بلکہ ٹرمپ کے سنہری دور کے دعوؤں کو بھی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے 3 بڑے مقاصد مشرقِ وسطیٰ کو محفوظ اور خوش حال بنانا، ایران میں حکومت کی تبدیلی اور ایران کو مستقل طور پر جوہری طاقت بننے سے روکنا خاطر خواہ حد تک حاصل نہیں ہو سکے۔

دوسری جانب رپورٹ میں ایران کی صورتِ حال پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے۔

جریدے کے مطابق ایران کے لیے بھی جنگ جاری رکھنا آسان نہیں، کیونکہ اس کی قیادت نشانے پر ہے اور توانائی و ٹرانسپورٹ کے نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس کے علاوہ ایران پابندیوں کے خاتمے کا خواہاں ہے اور اسے یقین ہے کہ وقت مذاکرات میں اس کے حق میں جا سکتا ہے۔

رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ یہ جنگ جوہری خطرات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، اگرچہ ایران کی کچھ تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم افزودہ یورینیئم اب بھی موجود ہے جو کئی جوہری ہتھیار بنانے کے لیے کافی ہو سکتی ہے۔

مزید برآں جریدے کے مطابق امریکا کے اندر بھی اسرائیل کے حوالے سے عوامی رائے میں تبدیلی آ رہی ہے، جو مستقبل میں امریکی پالیسی کو متاثر کر سکتی ہے۔

رپورٹ کے اختتام میں کہا گیا ہے کہ یہ تنازع اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ محض فوجی طاقت کافی نہیں ہوتی، بلکہ مؤثر حکمتِ عملی کے بغیر طاقت کا استعمال الٹا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید