لاہور (آصف محمود بٹ)98واں پاکستان لرننگ فیسٹیول 21 اور 22 اپریل 2026 کو سول سروسز اکیڈمی لاہور میں منعقد ہوگاجسے منتظمین نے ملک میں تجرباتی اور ہمہ گیر تعلیم کے فروغ کیلئے ایک بڑے اور منفرد پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا ہے۔ طلبہ، اساتذہ پالیسی ساز اور ترقیاتی شراکت دار شریک ہونگے، خصوصی افراد سمیت ہر طبقے کیلئے یکساں مواقع کی فراہمی پر زور دیا جائیگا۔ تخلیقی سرگرمیوں، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی شعور کے امتزاج سے ہمہ گیر سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ،جامع اور مفت شرکت۔ سول سروسز اکیڈمی کے اشتراک سے منعقد ہونے والا یہ فیسٹیول نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر “امن اور پائیداری کیلئے تعلیم” کے مرکزی موضوع کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد تعلیمی نظام میں برداشت، ہمدردی اور ماحولیاتی ذمہ داری جیسے اقدار کو فروغ دینا ہے۔فیسٹیول میں ملک بھر سے طلبہ، اساتذہ، والدین، پالیسی سازوں، سول سوسائٹی تنظیموں اور ترقیاتی شراکت داروں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔