• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹوماہاک، ہرمز، فیوری: امریکی اسرائیلی و ایرانی جنگ کی چند اہم اصطلاحات اور انکے معانی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

امریکا اور اسرائیل کی ایران پر مسلط کردہ جنگ کو تقریباً 2 ماہ ہو چکے ہیں۔

تقریباً 2 ماہ سے جاری امریکی و اسرائیلی جنگ نے ہزاروں جانیں لے لی ہیں اور عالمی توانائی کی ترسیل کو شدید متاثر کیا ہے، اس بحران کا مرکز آبنائے ہرمز ہے، جو ایک نہایت اہم سمندری گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا کے تقریباً 20 فیصد تیل کی ترسیل ہوتی ہے۔

جنگ کے دوران ایران اور امریکا دونوں کی جانب سے اس راستے کو بارہا محدود یا مکمل طور پر بند کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں، تاہم اس جنگ کے دوران سرخیوں میں آنے والی کئی اہم اصطلاحات اپنے اندر گہرے تاریخی، مذہبی اور سیاسی معانی رکھتی ہیں۔

ذیل میں ایسی چند اہم اصطلاحات اور ان کی وضاحت پیش کی جا رہی ہے۔

ہرمز (Hormuz)

آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے درمیان واقع ایک تنگ سمندری راستہ ہے جو خلیج کو بحیرۂ عرب سے ملاتا ہے، یہ دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے، جنگ کے آغاز کے بعد سے اس تک رسائی سختی سے محدود رہی ہے، بعض اوقات مکمل یا جزوی بندش بھی دیکھنے میں آئی۔

نام ’ہرمز‘ کی اصل کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے، تاہم ایک مقبول نظریہ اسے زرتشتی مذہب کے اعلیٰ دیوتا ’اہورا مزدا‘ سے جوڑتا ہے، جس کا مطلب ’دانشمند رب‘ ہے۔

شاہد (Shahed)

شاہد ڈرون ایران کے کم لاگت والے لوئٹرنگ میونیشنز ہیں، جنہیں عام طور پر خودکش ڈرون بھی کہا جاتا ہے، یہ بغیر پائلٹ کے چلنے والے فضائی طیارے یا ڈرون ہوتے ہیں جو دھماکا خیز مواد لے جا سکتے ہیں، ایران نے جنگ کے آغاز سے ہی ان کا استعمال اسرائیل کے خلاف کیا۔

’شاہد‘ عربی زبان کا لفظ ہے جس کا مطلب ’گواہ‘ ہے۔

ٹوماہاک (Tomahawk)

اصل میں ’ٹوماہاک‘ شمالی امریکا کے مقامی باشندوں کے زیرِ استعمال ایک کلہاڑی کو کہا جاتا تھا، جدید فوجی اصطلاح میں یہ امریکا کے تیار کردہ ایک طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائل کو ظاہر کرتا ہے، جو نہایت درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق جنگ کے آغاز میں ایران کے شہر میناب میں ایک اسکول پر ایسے ہی میزائل سے حملہ کیا گیا جس میں تقریباً 170 بچے شہید ہوئے۔

میناب (Minab)

میناب ایران کا ایک شہر ہے جو اپنی سرسبز زرعی زمینوں کے باعث ’نخلستان‘ کے طور پر جانا جاتا ہے، آبنائے ہرمز کے قریب واقع یہ علاقہ خاص طور پر ترش پھلوں اور کھجوروں کے لیے مشہور ہے۔

نام ’میناب‘ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ فارسی الفاظ سے ماخوذ ہے، جس کا مطلب ’صاف پانی‘ یا ’نیلا پانی‘ ہو سکتا ہے۔

باب المندب (Bab al-Mandeb)

باب المندب جس کا مطلب ’آنسوؤں کا دروازہ‘ ہے، یہ ایک اہم آبنائے ہے جو بحیرۂ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے، یہ یمن اور جبوتی کے درمیان واقع ہے اور عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم راستہ ہے۔

جنگ کے دوران یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروہ نے اس راستے کو بند کرنے کی دھمکیاں دی ہیں۔

ایپک فیوری (Epic Fury)

’آپریشن ایپک فیوری‘ ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ فوجی مہم کا خفیہ نام ہے، جس کا آغاز 28 فروری کو ہوا۔

’ایپک‘ یونانی زبان سے آیا ہے جس کا مطلب ’عظیم داستان‘ ہے، جبکہ ’فیوری‘ لاطینی لفظ ہے جس کا مطلب ’شدید غصہ‘ ہے، دونوں کو ملا کر مفہوم بنتا ہے ’شدید اور غیر معمولی غصہ‘۔

آیت اللّٰہ (Ayatollah)

آیت اللّٰہ شیعہ فقیہ میں ایک اعلیٰ مذہبی عہدہ ہے جو ان علمائے کرام کو دیا جاتا ہے جو فقہ، الہٰیات اور دینی علوم میں مہارت رکھتے ہوں۔

یہ لفظ عربی کے ’آیہ‘ (نشانی) اور ’اللّٰہ‘ سے مل کر بنا ہے، جس کا مطلب ’خدا کی نشانی‘ ہے، ایران میں یہ عہدہ مذہبی اور سیاسی دونوں حوالوں سے اہم سمجھا جاتا ہے۔

خارگ (Kharg)

جزیرہ خارگ خلیج میں واقع ایک اہم جزیرہ ہے جو ایران کی تیل برآمدات کا مرکز ہے، اس کی تزویراتی اہمیت کے باعث یہاں رسائی محدود رہتی ہے۔

مارچ میں امریکا نے یہاں بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے، تاہم توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے سے گریز کیا۔

کافر (Kafir)

لفظ ’کافر‘ جنگ کے دوران اس وقت زیرِ بحث آیا جب امریکی وزیرِ دفاع کی ایک تصویر سامنے آئی جس میں ان کے بازو پر عربی زبان میں کافر لفظ لکھا تھا۔

اسے عام طور پر ’غیر مومن‘ کہا جاتا ہے، تاہم اس کا ایک مطلب ’سچ کو چھپانے والا‘ بھی ہے۔

خاتم الانبیاء (Khatam al-Anbiya)

ایران کی پاسدارانِ انقلاب (آئی آر جی سی) کا مرکزی ہیڈکوارٹر ’خاتم الانبیاء‘ کہلاتا ہے، جس کا مطلب ’انبیاء کی مہر‘ ہے۔

یہ اصطلاح قرآن میں حضرت محمد ﷺ کے لیے استعمال ہوئی ہے، جنہیں آخری نبی قرار دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید