معروف پاکستانی اداکار آغا علی شوٹنگ کے دوران زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے اسے اپنے کام کے لیے قابلِ قدر قرار دیا ہے۔
اداکار نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے بتایا کہ ایک ایکشن سین کی ریکارڈنگ کے دوران ریہرسل کے باوجود ساتھی اداکار کا جوتا میرے ہاتھ پر لگ گیا، جس سے مجھے چوٹیں اور زخم آئے۔
آغا علی کے مطابق چوٹ کے باوجود میں نے پیشہ ورانہ ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شوٹنگ جاری رکھی اور میک اپ کے ذریعے زخم چھپا کر رات 4 بجے تک کام مکمل کیا۔
انہوں نے اس تجربے کو مداحوں کے لیے حوصلہ افزاء پیغام میں بدلتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے راستے میں مشکلات آتی ہیں، مگر ہمت نہیں ہارنی چاہیے۔
اداکار کا کہنا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ شائقین کو حتمی نتیجہ ضرور پسند آئے گا۔
واضح رہے کہ آغا علی پاکستان شوبز انڈسٹری میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔
انہوں نے 2005ء میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور دلِ گمشدہ، میں ہاری پیا اور میرے مہربان جیسے ڈراموں میں نمایاں کردار ادا کیے۔
اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ ایک گلوکار اور نغمہ نگار بھی ہیں اور مختلف ساؤنڈ ٹریکس میں اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔