• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماحولیاتی خطرات شدت اختیار کر گئے: یورپ تیزی سے گرم ہونیوالا براعظم قرار

---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹو بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

اقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی ادارے کی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یورپ دنیا کا سب سے تیزی سے گرم ہونے والا براعظم بن چکا ہے جہاں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات شدید صورت اختیار کر رہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025ء میں تقریباً پورے یورپ میں درجۂ حرارت معمول سے زیادہ رہا جبکہ سمندری درجۂ حرارت ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا، شدید گرمی اور خشک موسم نے بڑے پیمانے پر جنگلاتی آگ کو ہوا دی جس سے 1 ملین ہیکٹر سے زائد رقبہ جل کر راکھ ہو گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپ کے تقریباً 70 فیصد دریا معمول سے کم پانی کے بہاؤ کا شکار رہے جبکہ برطانیہ، آئر لینڈ اور بحیرۂ روم کے اطراف میں سمندروں میں شدید گرمی کی لہریں بھی ریکارڈ کی گئیں۔

شمالی یورپ کے سرد علاقوں ناروے، سویڈن اور فن لینڈ میں بھی غیر معمولی صورتِ حال دیکھنے میں آئی جہاں جولائی 2025ء میں 21 دن تک شدید گرمی کی لہر جاری رہی اور درجۂ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر گیا۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2025ء میں برف کی مقدار میں تقریباً 30 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ آئس لینڈ میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی اب مستقبل کا نہیں بلکہ حال کا مسئلہ بن چکی ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔

خاص رپورٹ سے مزید