کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ گیارہ کے فائنل کے موقع پر رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیاجائے گا۔ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں گرینڈ تقریب کی تیاریاں جاری رہیں فنکاروں نے ریہرسل میں حصہ لیا۔تقریب میں معروف گلوکار عاطف اسلم،علی عظمت،عارف لوہار،آئمہ بیگ، صابری سسٹرز اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ رنگارنگ تقریب کے دوران آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا ۔لاہور میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورفائنل میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب کو حتمی شکل دے دی گئی ۔محسن نقوی نےتمام تر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ میگا ایونٹ کے لئے ہر سطح پر بہترین اور شاندار انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔ محسن نقوی نے کہا کہ شائقین کرکٹ کی سہولت کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔ شائقین کرکٹ شاندار اختتامی تقریب سے محظوظ ہونے کے لیے شام 6 بجے تک لازمی اسٹیڈیم پہنچیں۔