چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی برداشت کرے گا، ہم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں ہیں، معرکۂ حق ہم سب کی یکجہتی کی جیت ہے۔
کراچی میں ’معرکۂ حق‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 1 سال قبل پاکستان غیر یقینی صورتِ حال کا شکار تھا تاہم آج قوم کے اتحاد نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے۔
اُنہوں نے کہا کہ دشمن سمجھتا تھا کہ پاکستان کو کمزور کیا جا سکتا ہے، مگر وہ قوم کے عزم سے واقف نہیں تھا، یہ کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ حوصلے، یکجہتی اور قومی طاقت کی جیت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے میدان جنگ میں جرأت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی جبکہ سفارت کاروں نے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ’معرکۂ حق‘ پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے اور کامیابی کے بعد اب ذمے داری ہے کہ ملک کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن باہمی عزت اور احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شمال کے پہاڑوں سے لے کر بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک اور پنجاب کے کھیتوں سے سندھ و بلوچستان کے صحراؤں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی، جس نے اتحاد کی نئی مثال قائم کی۔