جدہ (شاہد نعیم)جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں خطے میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیتے ہوئے تنازع کے حل میں مدد کے لئے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیاگیا، اجلاس میں علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا تاکہ ایک ایسا سیاسی حل تلاش کیا جا سکے جو خطے کو مزید کشیدگی اور عدم استحکام سے بچا سکے۔ کابینہ نے آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی کو 28 فروری سے قبل کی معمول کی حالت میں بحال کرنے کی اہمیت، جہازوں کی محفوظ اور بلا رکاوٹ آمد و رفت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ کابینہ اجلاس نے سعودی وزارت انصاف اور پاکستان کی وزارت قانون کے درمیان تعاون کے لیے مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی۔